ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں فیڈریشن کی جانب سے باحجاب  طالبات کو امتحانات لکھنے اور یوکرین میں پھنسے طلبا کی وطن واپسی کا مطالبہ لےکر اے سی کو میمورنڈم

بھٹکل میں فیڈریشن کی جانب سے باحجاب  طالبات کو امتحانات لکھنے اور یوکرین میں پھنسے طلبا کی وطن واپسی کا مطالبہ لےکر اے سی کو میمورنڈم

Wed, 02 Mar 2022 19:52:40    S.O. News Service

بھٹکل :2؍ مارچ  (ایس اؤ نیوز) روس اوریوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران  یوکرین  میں پھنسے بھارتی طلبا کو بحفاظت ملک واپس لانےاور کرناٹک میں حجاب معاملے کی وجہ سے امتحان میں شریک نہ ہونےو الی باحجاب طالبات کو دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا مطالبہ لےکر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے 2 مارچ 2022بروز بدھ کو بھٹکل منی ودھان سبھا کے سامنے احتجاج کرتےہوئےبھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت وزیر اعظم اور ریاستی وزیر اعلیٰ کے نام میمورنڈم پیش کیا۔ 

وزیراعلیٰ بسوراج بومائی کو سونپے ہوئے میمورنڈم میں اُڈپی پی یوسرکاری کالج کے پرنسپال رودرے گوڈا کے رویے کی سخت مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ پرنسپال کے بروقت فیصلہ نہ لئے جانے اور  غلط  سلوک کی وجہ سے حجاب کا معاملہ ریاست بھر میں پھیلا۔ جب کہ صرف ایک دن پہلے باحجاب طالبات پی یو دوم کی پراکٹیکل امتحانات میں شریک نہیں ہوسکی ہیں۔

میمورنڈم میں کہاگیا ہےکہ حجاب دستوری حق ہے اور ہمارا مذہبی فرض ہے جس کا قرآن و حدیث میں بہت ساری جگہوں پر ذکر آیا ہے۔ حجاب کو لےکر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور کوئی اس کو اپنانا چاہتاہے وہ دستور کی کئی دفعات کی طرف سے دی گئی آزادی کے مطابق عمل کرسکتاہے اور دستور کی تشکیل کرنے والوں نےا س کی وضاحت کی ہے۔متعلقہ رویہ دستور کے اصولوں اور 19،21اور 25دفعات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن حکومت سےمطالبہ کرتی ہےکہ اُڈپی  کی سرکاری پی یوکالج کے پرنسپال کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اور جو طالبات امتحانات سےمحروم ہوئی ہیں ان کے لئے دوبارہ امتحانات کا انتظام کیاجائے۔

وزیر اعظم کے نام اے سی کو سونپے گئے میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ یوکرین میں طبی تعلیم حاصل کرنے گئےہزاروں طلبا روس اور یوکرین کے درمیان چھڑی جنگ کی وجہ سے وہیں پھنسے ہونے کی اطلاعات کافی تشویش ناک ہیں۔ طلبا کےمستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے ان طلبا کو بحفاظت وطن واپس لانےکا مطالبہ کیاگیا ہے۔ اسی طرح بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے کرناٹک کے ہاویری ضلع سے تعلق رکھنے والے نوین ایس جی کی  یوکرین میں ہوئی  ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہا ر کرتےہوئے کہا ہے کہ طلبا کو وطن واپس لانےمیں حکومت ناکامی ہوتی نظر آرہی ہے اور نوین کی موت یوکرین میں پھنسے طلبا کے اندر خوف پیدا کررہاہے اور وہ محفوظ اپنے وطن لوٹنے کو لے کر پریشان ہیں ۔ اس موقع پر ہم مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتےہیں کہ سفارتی سطح پر مذاکرات کو تیز کرتےہوئے جس طرح بھی ہو وہاں پھنسے طلبا کو فوری طورپر وطن واپس لایا جائے۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے دونوں میمورنڈم وصول کئے اور اعلیٰ حکام تک ان کی بات پہنچانے کی بات  کہی۔

 مولوی ایاد ایس ایم ندوی نے حجاب کی اہمیت اور یوکرین میں پھنسے بھارتی طلبا کی محفوظ وطن واپسی پر مختصر خطاب کیا۔ اس موقع پر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، نائب صدر انجم گنگاولی ، سکریٹری مولوی وصی اللہ ڈی ایف ، ساجد مصباح ، قیصر محتشم ، اسماعیل امشاد سمیت سیکڑوں افراد موجود تھے۔


Share: